بھٹکل، 29 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ کے شیرالی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں تین روزہ نومولود بچی کی موت ہوگئی۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق، ماں کا دودھ بچی کے گلے میں پھنسنے کے بعد اس کی حالت بگڑ گئی تھی، تاہم بچی کے والدین نے ڈاکٹروں اور نرسوں پر طبی لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے۔
واقعے کو لے کر ایک طرف والدین نے ڈاکٹروں اور نرسوں پر غفلت برتنے کا الزام لگایا ہے، جبکہ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی عملے نے بچی کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔
بچی کی موت کی اطلاع ملتے ہی اس کے اہل خانہ اور رشتہ دار شیرالی سرکاری ہیلتھ سینٹر پہنچے اور ڈاکٹروں سمیت اسپتال کے عملے کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی۔ اس دوران کچھ دیر کے لیے اسپتال میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور اہل خانہ نے طبی عملے سے بچی کی موت کے تعلق سے وضاحت طلب کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل رورل پولیس اسپتال پہنچی اور نومولود کی موت کے حالات و واقعات سے متعلق معلومات جمع کرنا شروع کردیں۔
بچی کی والدہ ہیما نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ تین روز قبل ان کی معمول کے مطابق زچگی ہوئی تھی اور نومولود کی صحت سے متعلق طبی جانچ کی رپورٹیں بھی بظاہر معمول کے مطابق تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح اچانک بچی کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد ڈاکٹروں اور نرسوں نے اسے علاج کے لیے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت والے شعبے (این آئی سی یو) میں منتقل کردیا۔ تاہم، تقریباً آدھے گھنٹے بعد اہل خانہ کو اطلاع دی گئی کہ بچی کی موت ہوگئی ہے۔ ہیما کے مطابق، یہ ان کی دوسری زچگی تھی اور ان کی ایک دو سالہ بیٹی بھی ہے۔
بچی کے والد ستیش نائک نے ڈاکٹروں اور نرسوں پر لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب، اسپتال کے ذرائع کے مطابق، بدھ کی صبح ماں نے بچی کو دودھ پلایا تھا، جس کے بعد بظاہر دودھ اس کے گلے میں پھنس گیا۔ بتایا گیا کہ صبح تقریباً 11:30 بجے بچی کی حالت بگڑنے لگی، جس کے بعد طبی عملے نے اسے این آئی سی یو میں منتقل کرکے بچانے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہیں ملی۔
پولیس نے بچی کے والدین اور رشتہ داروں سے پوچھ تاچھ کرنے کے علاوہ ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں سے بھی معلومات حاصل کیں۔ پولیس کے مطابق، تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر بھٹکل رورل پولیس انسپکٹر وینکٹیش مرونال، پی ایس آئی ملیکارجن کورانی اور دیگر پولیس اہلکار ہیلتھ سینٹر میں موجود تھے۔