اڈپی ، 13 / اپریل (ایس او نیوز) منی پال پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منی پال اسپتال کے احاطے سے اغوا کیے گئے ایک شخص کو تلنگانہ کے جگتیال سے بازیافت کر لیا اور اس واردات میں ملوث 8 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا ۔
پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کنداپور دسرا مکّی کے رہنے والے رام مڈیوال نامی ایک شخص نے 31 مارچ کو شکایت درج کروائی تھی کہ وہ اپنے بھائی لکشمن کو علاج کے لئے منی پال اسپتال لے گیا تھا ۔ جب وہ دونوں اپنے دیگر بھائی راجیش اور سدھیر کے ساتھ تو اسپتال کے باہر واقع کینٹین کے پاس تھے سات سے آٹھ افراد کی ایک ٹولی بغیر نمبر پلیٹ والی کالی کار میں وہاں پہنچی اور راجیش کو زبردستی اغوا کر لیا اور ہیریاڈکا کی طرف فرار ہوگئے ۔
شکایت کنندہ نے اغوا کاروں کی شناخت ملّا ریڈی، تولاجا، نرسنگھا، حسین، شنکر، ناگیش، پرمیشور اور وجئے کے طور پر کی تھی ۔ اس نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس ٹولی کے افراد سے ان کی جان پہچان ہے اور وہ بزنس کے سلسلے میں ان کے گھر آتے جاتے تھے ۔
منی پال پولیس نے کیس درج کرنے کے بعد انسپکٹر مہیش پرساد کی قیادت میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جس نے واضح سراغ ملنے کے بعد پڑوسی ریاست تلنگانہ پہنچ کر جگتیال ضلع کے گوونداپلّی میں دیر رات کو سلور اسکائی نامی لاڈج پر چھاپہ ماری کی اور وہاں سے اغوا کیے گئے راجیش کو بحفاظت بازیافت کرنے کے ساتھ 8 ملزمین کو بھی گرفتار کر لیا ۔
پولیس نے جرم کو انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی تلنگانہ نمبر پلیٹ والی کالی کیا کارینس کار اور ایک بغیر نمبر پلیٹ والی کار تھار کار ضبط کر لی ۔ اغوا کے اسباب معلوم کرنے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔