منگلورو، 7 /مئی (ایس او نیوز): دکشن ضلع میں غیر موسمی بارش نے شدید گرمی اور تپش سے پریشان عوام کو کچھ حد تک راحت پہنچائی ہے۔ جمعرات کی صبح ضلع کے مختلف علاقوں میں اچانک بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور لوگوں نے گرمی سے وقتی نجات محسوس کی۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح تقریباً 8 بجے شروع ہونے والی بارش کچھ وقت تک جاری رہی۔ صبح سے ہی آسمان پر گھنے بادل چھائے ہوئے تھے، جس کے بعد ہونے والی بارش نے کئی دنوں سے جاری شدید دھوپ اور حبس سے متاثر عوام کو سکون پہنچایا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہورہے تھے، تاہم آج کی بارش کے بعد موسم میں نمایاں ٹھنڈک محسوس کی گئی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ کرناٹک کے مختلف علاقوں میں آئندہ سات دنوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12 مئی تک ریاست کے کئی اضلاع میں ہلکی سے معتدل بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔