ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا میں پولیس افسران کے تبادلے - آمدنی والے علاقوں میں تعیناتی کے لئے افسران کی بھاگ دوڑ

اتر کنڑا میں پولیس افسران کے تبادلے - آمدنی والے علاقوں میں تعیناتی کے لئے افسران کی بھاگ دوڑ

Thu, 16 Apr 2026 12:52:40    S O News

کاروار ، 16 / اپریل (ایس او نیوز) محکمہ پولیس میں 15 سے 30 اپریل تک سالانہ تبادلوں کا دور شروع ہوا ہے اور باخبر اندرونی ذرائع سے اشارے مل رہے ہیں کہ 'خصوصی آمدنی' والے مقامات پر تعیناتی کے لئے افسران کی بھاگ دوڑ اور جوڑ توڑ میں تیزی آ گئی ہے ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ اتر کنڑا میں بعض پولیس تھانوں کو 'خصوصی آمدنی' کے لحاظ سے 'سونے کے انڈوں والی مرغی' کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے اور وہاں پر اپنی تعیناتی کے لئے پولیس افسران خاموشی کے ساتھ سیاسی لیڈروں اور بااثر شخصیات کے پیچھے لگ گئے ہیں ۔ ضلع کے گھاٹ والے علاقوں، ساحلی پٹی کے بعض اہم پولیس اسٹیشنوں اور بالخصوص چیتاکول اور رام نگر کے چیک پوسٹس پر تعیناتی کے لئے بڑی مانگ  ہے اور اس کے لئے لابی بنائی جا رہی ہے ۔  کیونکہ یہاں سے بڑی مقدار میں 'ملائی' حاصل کرنے کے مواقع رہتے ہیں ۔ 
    
اس ضمن میں ریاستی حکومت نے جو نوٹی فکیشن جاری کیا ہے اس کے مطابق سال 2026-27 میں گروپ - اے ، گروپ - بی ، گروپ - سی اور گروپ - ڈی میں تبادلوں کو ہر گروپ کے ورک فورس کے 6% حصے تک کے لئے محدود کر دیا گیا ہے ۔ اس کا مقصد تبادلوں کو شفافیت کے ساتھ  محدود پیمانے پر انجام دینے کے لئے یہ اصول طے کیا گیا ہے ۔
    
حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ تمام محکموں میں سالانہ تبادلوں کی کارروائی 15 سے 30 اپریل کی مقررہ مدت کے اندر پوری ہو جانی چاہیے ۔ گروپ - اے اور گروپ - بی سے متعلقہ افسران کے تبادلوں کا اختیار متعلقہ محکموں کے وزراء کو دیا گیا ہے ۔ اسی طرح گروپ - سی اور گروپ - ڈی سے متعلقہ اہلکاروں کے تبادلوں کا اختیار تقرراتی اتھاریٹی کو دیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں قوانین کی پاسداری کرنے کے لئے سخت ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این کسی بھی قسم کے دباو میں آئے بغیر اصول اور قوانین کے مطابق پوری شفافیت کے ساتھ افسران اور اہلکاروں کے تبادلے کر رہے ہیں ۔ لابی بنانے والوں اہلکاروں کی الگ فہرست بنا لی گئی ہے ۔ اور قانون کی خلاف ورزی کے بغیر تبادلے کرنے کی تیاری کی گئی ہے ۔
    
یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کاروار اور بھٹکل کے پولیس حلقوں میں پانچ سال سے زیادہ خدمات انجام دے رہے اہلکاروں کا تبادلہ کرنے کی مانگ کی جا رہی ہے ۔ سرکل انسپکٹر کے دفتر سمیت محکمہ کے مختلف شعبہ جات میں لمبی مدت سے ایک ہی مقام پر تعینات اہلکاروں کے تبادلوں کے تعلق سے سرکاری پالیسی پر محکمہ کی طرف سے دھیان دیا جا رہا ہے ۔ 
    
توقع ہے کہ ابھی چند دنوں کے اندر تبادلوں کی با ضابطہ فہرست جاری ہونے کی توقع ہے اس دوران اہلکاروں افسران کی لابی کس قدر مصروف رہتی ہے اور اس کے کیا نتائج نکلیں گے، وہ تصویر صاف ہو جائے گی ۔     


Share: