ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں کشمیر کی 51 انتخابی نشستوں کے ریکارڈ میں سنگین خامیاں، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی شفافیت پر سوالات: تحقیقاتی رپورٹ

مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں کشمیر کی 51 انتخابی نشستوں کے ریکارڈ میں سنگین خامیاں، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی شفافیت پر سوالات: تحقیقاتی رپورٹ

Thu, 12 Nov 2026 11:52:31    S O News

نئی دہلی  ، 12/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں کشمیر میں ۲۰۲۴ء کے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے اندرونی ریکارڈ پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تحقیقاتی صحافتی ادارے ’دی رپورٹرز کلیکٹیو‘ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ۵۱ ؍انتخابی حلقوں کے ریکارڈ میں ایسی سنگین خامیاں سامنے آئی ہیںجن کی بنیاد پر انتخابی عمل کی شفافیت اور ووٹنگ کے اعداد و شمار کی درستگی پر سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ۳۲ ؍نشستوں پر  رائے دہندگان کی تعداد اور ای وی ایم میں شمار  کئے گئے ووٹوں کے اعداد و شمار میں بہت بڑا  فرق پایا گیا ہےجبکہ ۱۹؍ نشستوں پر پولنگ مراکز میں ووٹ ڈالنے پہنچنے والے رائے دہندگان کی تعداد درج ہی نہیں کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ان ۱۹ ؍نشستوں کے انتخابی ریکارڈ میں متعلقہ حکام نے ووٹ ڈالنے والے افراد کی تعداد کے سامنے صفر  یا ’نِل‘ درج کیا ہے۔’دی رپورٹرز کلیکٹو‘ نے مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں کشمیر میں ۲۰۲۴ء کے انتخابی عمل سے متعلق دستاویزات حاصل کرکے ان کا تفصیلی تجزیہ کیا  اور یہ رپورٹ پیش کی ہے۔

اس تحقیق میں ۴۶۷ ؍ اسمبلی اور ۶۳ ؍پارلیمانی حلقوں کو شامل کیا گیا۔ ادارے کے مطابق ۵۳۰؍ انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسران کی رپورٹوں کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق کے  لئے مجموعی طور پر۴؍ ہزار سے زائد اصل دستاویزات کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا گیا، ان کی دوبارہ جانچ کی گئی اور پھر ان کا تجزیہ کیا گیا۔تحقیق میں سامنے آیا کہ ۵۱ نشستوں کے ریکارڈ میں ایسی خامیاں موجود ہیں جن کی بنیاد پر الیکشن کمیشن پورے اعتماد کے ساتھ یہ تصدیق نہیں کر سکتا کہ ان حلقوں میں فرضی ووٹنگ یا انتخابی بے ضابطگی نہیں ہوئی۔

ممبئی کے نارتھ لوک سبھاحلقے جہاں سے مرکزی وزیر پیش گوئل منتخب ہوئے ہیں ، میں مجموعی طور پر ۱۸؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ووٹ ڈالے گئے تھے لیکن انتخابی نتائج میں صرف ۱۰؍ لاکھ ۳۳؍ ہزار ووٹوں کی گنتی درج کی گئی۔ اس طرح ڈالے گئے ووٹوں اور شمار کئے گئے ووٹوں کے درمیان ۷؍ لاکھ ۷۸؍ ہزار ووٹوں کا فرق سامنے آتا ہے جو کافی تشویشناک اور سنگین ہے۔

اسی طرح ہریانہ کے بڈکھل اسمبلی حلقے کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں ۳؍ لاکھ ۳۲؍ ہزار ووٹ ڈالے گئے جبکہ ای وی ایم میں صرف ایک لاکھ ۶۰؍ ہزار ووٹ شمار کئے گئے۔ یہاں بھی بی جے پی امیدوار انتخاب جیتنے میں کامیاب رہا۔ان اعداد و شمار کے حوالے سے انتخابی عمل میں شفافیت اور ووٹوں کی گنتی سے متعلق سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔


Share: