ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملک بھر میں مانسون سرگرم، کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ؛ آسام میں سیلاب سے 101 اموات

ملک بھر میں مانسون سرگرم، کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ؛ آسام میں سیلاب سے 101 اموات

Tue, 11 Aug 2026 11:32:13    S O News

نئی دہلی ، 11/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ملک کے مختلف حصوں میں مانسون مکمل طور پر سرگرم ہے۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کے روز شمالی، وسطی، مشرقی، شمال مشرقی، مغربی اور جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں شدید بارش کی پیش گوئی ہے۔ ’ٹرف لائن‘ پر جنوب کی جانب حرکت مانسون کی ہواؤں کو مضبوط کرتی ہے اور ملک کے ساحلی اور وسطی علاقوں میں بارش کو بڑھاتی ہے۔ جبکہ شمالی مدھیہ پردیش اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بننے والا کم دباؤ کا علاقہ وسطی ہندوستان کے موسم کو متاثر کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ شمال مغربی بنگال کی خلیج پر بننے والا سائیکلونک سرکولیشن 12 اگست کے آس پاس کم دباؤ والے علاقے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے مشرقی اور وسطی ہندوستان میں اگلے کچھ دنوں تک بارش کا دور جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی این سی آر، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور پنجاب میں 11 اگست کو کئی مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ علاقوں میں شدید بارش کا بھی امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں دن میں ہی اچانک گرج کے ساتھ بارش کے آثار ہیں۔ پیشین گوئی ہے کہ دہلی این سی آر میں کچھ دنوں تک بادل چھائے رہیں گے اور بارش بھی ہوتی رہے گی۔ حالانکہ بارش کے باوجود بھی درجۂ حرارت میں کمی نہیں آئے گی اور حبس زیادہ رہے گا۔ محکمۂ موسمیات کے لکھنؤ مرکز کے مطابق اتر پردیش کے کئی حصوں میں 11 اگست کو مانسون سرگرم رہے گا۔ مغربی اتر پردیش اور مشرقی اتر پردیش کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مغربی اتر پردیش اور بندیل کھنڈ کے اضلاع کو شدید بارش کے لحاظ سے زیادہ حساس بتایا ہے، اور دیگر حصوں میں مناسب بارش ہوسکتی ہے۔

اترا کھنڈ میں 11 اگست کو کچھ حصوں میں بارش ہو سکتی ہے اور کچھ حصوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ دہرادون، باگیشور، نینی تال اور ہریدوار سمیت کچھ اضلاع میں موسلادھار بارش کا خطرہ ہے۔ اتراکھنڈ میں 16 اگست تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ ہماچل پردیش میں 11 اگست کو کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔ ہماچل میں 15 اگست تک بارش کا امکان ہے اور 12 اگست کے بعد شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ جموں و کشمیر، لداخ کے قریبی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمۂ موسمیات نے مشرقی راجستھان کے تعلق سے زیادہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ مشرقی راجستھان کے کچھ علاقوں میں 11 اگست کو شدید بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ ریاست کے کچھ حصوں میں 13 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی راجستھان کا موسم 14 اگست سے بہتر ہوسکتا ہے۔

مغربی مدھیہ پردیش میں 11 اگست کو کئی مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے، جب کہ مشرقی مدھیہ پردیش میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ چھتیس گڑھ میں 12 اگست کے بعد بارش کی سرگرمی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مشرقی ہندوستان میں اڈیشہ، گنگا مغربی بنگال، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں بارش جاری رہ سکتی ہے۔ اڈیشہ میں 11 اگست کو شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ کچھ حصوں میں 12 اگست کو شدید ترین بارش ہوسکتی ہے۔ بہار اور جھارکھنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کا امکان ہے اور جھارکھنڈ میں 13 اگست کو شدید بارش بھی ممکن ہے۔ مغربی ہندوستان میں کونکن اور گوا میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ گجرات میں 11 اگست کو کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔ وسطی مہاراشٹر میں 12 اگست تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں بارش جاری رہ سکتی ہے۔ آسام میں شدید بارش اور سیلاب کے سبب حالات اب بھی تشویش ناک ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ 10 اگست کو آئی ’آسام فلڈ رپورٹ‘ کے مطابق آسام میں اب تک 101 افراد کی موت ہوچکی ہے، اور 10 اضلاع میں 126431 افراد متاثر ہیں۔


Share: