ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب؛ کانگریس کے تین اور بی جے پی کا ایک امیدوار کامیاب

کرناٹک: راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب؛ کانگریس کے تین اور بی جے پی کا ایک امیدوار کامیاب

Fri, 12 Jun 2026 13:44:28    S O News
کرناٹک: راجیہ سبھا کی چار نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب؛ کانگریس کے تین اور بی جے پی کا ایک امیدوار کامیاب

بنگلورو، 12 جون (ایس او نیوز): کرناٹک سے راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے کانگریس کے تین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ منتخب ہونے والوں میں کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملیکارجن کھرگے، کانگریس کے میڈیا و پبلیسٹی شعبہ کے چیئرمین پون کھیڑا، اے آئی سی سی کے سکریٹری منصور علی خان اور بی جے پی کے پروفیسر ایم ناگراج شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ان نشستوں کے لیے پولنگ 18 جون کو ہونا تھی، لیکن میدان میں موجود تمام امیدواروں کے مقابلے میں کوئی مؤثر حریف باقی نہ رہنے کے سبب ووٹنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ جمعرات کو نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے چاروں امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قرار دے دیا۔

قبل ازیں 8 جون نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی جبکہ 9 جون کو کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال (اسکروٹنی) کی گئی۔ جانچ کے دوران آزاد امیدوار بھوجنا سومیا کے کاغذات ایک درست تجویز کنندہ (Proposer) کے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیے گئے تھے۔ اس کے بعد کانگریس کے تین اور بی جے پی کے ایک امیدوار ہی میدان میں باقی رہ گئے تھے، جس کے باعث ان کی بلامقابلہ کامیابی تقریباً یقینی سمجھی جا رہی تھی۔

یہ انتخابات ان چار نشستوں کے لیے کرائے گئے جن پر موجود اراکین کی مدت 25 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ سبکدوش ہونے والوں میں کانگریس کے ملیکارجن کھرگے، جے ڈی (ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، اور بی جے پی کے ارنا کداڈی اور نارائن کورگپا شامل ہیں۔ کھرگے کو کانگریس نے دوبارہ ایوانِ بالا کے لیے نامزد کیا تھا، جس کے بعد وہ مسلسل دوسری مدت کے لیے راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

بلامقابلہ انتخاب کے بعد کانگریس قیادت نے اسے پارٹی کے لیے اہم کامیابی قرار دیا۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ملیکارجن کھرگے، پون کھیڑا اور منصور علی خان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارلیمنٹ میں کرناٹک کے مفادات اور عوامی امنگوں کی مؤثر نمائندگی کریں گے۔ دوسری جانب بی جے پی کے پروفیسر ایم ناگراج نے اپنی کامیابی پر پارٹی کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کرناٹک اسمبلی میں کانگریس کی واضح عددی برتری کے باعث ابتدا ہی سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ چار میں سے تین نشستیں کانگریس اور ایک نشست بی جے پی کے حصے میں جائے گی۔ آزاد امیدوار کی نامزدگی مسترد ہونے کے بعد مقابلے کی صورت باقی نہیں رہی اور بالآخر چاروں امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔


Share: