ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں SIR تنازع کے دوران سی ای او نے کہا؛ فارم 7 کے ذریعے اب تک ایک بھی ووٹر کا نام حذف نہیں ہوا

کرناٹک میں SIR تنازع کے دوران سی ای او نے کہا؛ فارم 7 کے ذریعے اب تک ایک بھی ووٹر کا نام حذف نہیں ہوا

Tue, 06 Oct 2026 12:21:00    S O News
کرناٹک میں SIR  تنازع کے دوران سی ای او  نے کہا؛ فارم 7 کے ذریعے اب تک ایک بھی ووٹر کا نام حذف نہیں ہوا

بنگلورو، 6 اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے دوران  فارم 7 کے ذریعے ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کے الزامات کے درمیان کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) وی۔ انبو کمارنے کہا ہے کہ اب تک  فارم 7 کے اعتراضات کی بنیاد پر کسی بھی ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے حذف نہیں کیا گیا ہے۔

انبو کمار نے کہا کہ 16 جون سے 4 اکتوبر تک ریاست میں  فارم 7  کی 91,278 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔  فارم 7 کے ذریعے موجودہ انتخابی فہرست میں درج کسی نام کو حذف کرنے یا کسی نام کے اندراج پر اعتراض کیا جاسکتا ہے۔ تاہم صرف اعتراض داخل ہونے سے نام حذف نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ کسی نام کو حذف کرنے سے قبل متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفسر  (ERO) کو اعتراض کنندہ اور متعلقہ ووٹر دونوں کو نوٹس جاری کرنا ہوگا۔ دونوں فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے موقع دیا جائے گا اور دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی نام حذف کرنے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ عمل  رجسٹریشن آف الیکٹرس رولس 1960 کے تحت کیا جاتا ہے۔

انبو کمار کے مطابق 4 اکتوبر تک 91,278 ،  فارم 7 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جبکہ 23 ستمبر تک یہ تعداد 58,220 تھی۔ انہوں نے کہا کہ 23 ستمبر تک موصول ہونے والی درخواستوں سمیت دعووں اور اعتراضات کو مقررہ قانونی طریقۂ کار کے تحت نمٹایا جائے گا اور آخری سماعت 12 اکتوبر کو ہوگی، جبکہ کارروائی مکمل کرنے کی آخری تاریخ 22 اکتوبرمقرر ہے۔

SIR کے تحت ریاست میں 43,82,313 نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 43,55,818 نوٹس متعلقہ ووٹروں تک پہنچائے جاچکے ہیں۔ ان میں ایسے ووٹر شامل ہیں جن کے نام 2002 کی سابقہ ووٹر لسٹ سے میپ نہیں ہوئے یا جن کے ریکارڈ میں تضاد پایا گیا۔ اب تک 36,89,063 معاملات میں سماعت مکمل ہوچکی ہے۔

انبو کمار نے یہ بھی کہا کہ فارم ۔7 سمیت انتخابی فارموں میں جان بوجھ کر غلط معلومات یا جھوٹا بیان دینے کی صورت میں متعلقہ ERO کو Rule 20 کے تحت تحقیقات کرکے آر پی اے  کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

فارم-7 کے بڑے پیمانے پر استعمال کے معاملے پر کرناٹک میں سیاسی تنازع بھی جاری ہے۔ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض افراد سیاسی طور پر مخالف ووٹروں کے نام حذف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ہر درخواست کی الگ جانچ ہوگی اور بغیر نوٹس اور سماعت کے کسی ووٹر کا نام حذف نہیں کیا جائے گا۔

ریاست میں اس وقت تقریباً 4.50 کروڑ ووٹر انتخابی فہرست میں درج ہیں۔ CEO نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ SIR کے دوران اگر ان کا نام سابقہ پولنگ بوتھ یا حصے میں نظر نہ آئے تو وہ اپنے EPIC نمبر کے ذریعے انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ یا ECINET ایپ پر اپنا نام تلاش کریں، کیونکہ پولنگ بوتھ کی ازسرنو ترتیب کے باعث حصہ اور ترتیب نمبر تبدیل ہوسکتا ہے۔


Share: