ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: مچھلی پکڑنے والی کشتیوں میں گیس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ماہی گیروں کو خصوصی تربیت

کاروار: مچھلی پکڑنے والی کشتیوں میں گیس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ماہی گیروں کو خصوصی تربیت

Mon, 02 Nov 2026 18:05:31    S O News
کاروار: مچھلی پکڑنے والی کشتیوں میں گیس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ماہی گیروں کو خصوصی تربیت

کاروار، 2/ نومبر (ایس او نیوز) حالیہ دنوں  تڈری  اور مودگا  ماہی گیری بندرگاہوں پر مچھلیوں کو محفوظ رکھنے والے کشتیوں کے خانوں میں گیس جمع ہونے کے باعث پیش آئے حادثات کے پیش نظر ماہی گیروں میں حفاظتی اقدامات کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے لیے پیر کو بیتھکول ماہی گیری بندرگاہ پر خصوصی تربیتی اور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔

محکمہ ماہی گیری کے ڈائریکٹر، ڈپٹی کمشنر، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایات پر منعقدہ اس پروگرام کی صدارت محکمہ ماہی گیری کے جوائنٹ ڈائریکٹر رویندر تالیکر نے کی۔ انہوں نے  تڈری  اورمودگا   بندرگاہوں پر پیش آئے گیس سے متعلق حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور کشتیوں پر حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔

اس موقع پر این ڈی آر ایف کے انسپکٹر ونود کمار نے ماہی گیروں کو عملی تربیت فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کشتیوں کے مچھلی ذخیرہ کرنے والے خانوں میں گیس جمع ہونے سے کس طرح خطرناک حالات پیدا ہوسکتے ہیں اور ایسے حالات میں کس طرح کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے ملٹی گیس ڈیٹیکٹر اور گیس ٹیسٹنگ کٹ کے استعمال، خطرناک گیس والے مقامات میں داخل ہوتے وقت احتیاطی تدابیر، آکسیجن ماسک کٹ کے استعمال اور گیس سے متاثرہ افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکالنے کے طریقوں سے واقف کروایا۔ اس کے علاوہ ابتدائی طبی امداد اور سی پی آر کی عملی تربیت بھی دی گئی۔

Karwar  awareness programme fishermen-1

سی ایس پی انسپکٹر راجو کمار بیلاگی نے ماہی گیری کے دوران ہونے والی کوتاہیوں، متعلقہ قوانین اور کشتیوں میں لازمی حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کشتی مالکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ وہاں کام کرنے والے مزدوروں کی تفصیلات محفوظ رکھیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ غفلت کے نتیجے میں حادثات پیش آنے کی صورت میں قانونی کارروائی اور جرمانے بھی عائد ہوسکتے ہیں۔

لیڈ ڈسٹرکٹ بینک کے افسران نے پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا کے فوائد، اہلیت اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کشتی مالکان، ان کے اہل خانہ اور کشتیوں پر کام کرنے والے مزدوروں سے انشورنس اسکیموں سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔

محکمہ ماہی گیری کی جانب سے ہدایت دی گئی کہ کشتیوں کے تمام ضروری دستاویزات اور انشورنس پالیسیوں کو سال بھر کارآمد رکھا جائے، کشتیوں پر کام کرنے والے تمام مزدوروں کی تفصیلات محکمہ کو لازمی طور پر فراہم کی جائیں اور عملے کو گیس جمع ہونے سے پیدا ہونے والے خطرات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقوں سے واقف کروایا جائے۔ کسی شخص کے بے ہوش یا بیمار ہونے کی صورت میں مناسب حفاظتی آلات کے بغیر مچھلی ذخیرہ کرنے والے خانے میں داخل ہوکر اسے بچانے کی کوشش نہ کی جائے۔

پروگرام میں ضلع فش مارکیٹنگ فیڈریشن کے صدر پرشانت ٹانڈیل، پرشین ماہی گیری کوآپریٹو سوسائٹی کے صدر مرلی دھر ٹانڈیل، ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے افسران، کشتی مالکان، ماہی گیر رہنما اور دیگر ماہی گیر موجود تھے۔


Share: