کوٹا، 22 جون (ایس او نیوز): ضلع اُڈپی کے کوٹا سرکل کے قریب قومی شاہراہ 66 پر سڑک عبور کرنے کے دوران ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ حادثہ اتوار شام کو پیش آیا۔
متوفی کی شناخت برہماور تعلقہ کے ارور علاقے کے رہائشی ستیش آچار (45) کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ستیش آچار کوٹا کے مشہور امرتیشوری مندر میں حاضری کے بعد ہاڈیکیرے جانے کے لیے قومی شاہراہ عبور کر رہا تھا۔ اسی دوران کنداپور سے منگلورو کی جانب جارہی ایک تیز رفتار کار نے انہیں براہِ راست ٹکر مار دی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید منظر کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ ستیش آچار ہوا میں اچھلتے ہوئے سڑک پر دور جا گرے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور ٹانگوں پر سنگین چوٹیں آئیں۔ حادثے کے فوراً بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ستیش آچار دم توڑ چکے تھے۔
کوٹا پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔