ٹمکورو، 5 اپریل (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع ٹمکورو میں اتوار کی علی الصبح پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں دو مسافروں کی موت ہوگئی، جبکہ قریب 20 افراد زخمی ہوگئے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ صبح تقریباً چار بجے شِرا بائی پاس کے قریب قومی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب ایک نجی بس اور کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی بس کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں بسوں میں سوار متعدد مسافر بری طرح متاثر ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ٹمکورو کے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد کئی مسافر سڑک کنارے زخمی حالت میں پڑے تڑپتے نظر آئے، جس سے موقع پر دل دہلا دینے والا منظر پیدا ہوگیا۔ یہ پورا واقعہ ایک دوسری بس کے ڈیش کیمرا میں بھی قید ہوگیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، مسافروں نے الزام لگایا ہے کہ KSRTC بس کے ڈرائیور نے اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیچھے سے نجی بس کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی شِرا دیہی پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کردی ہے، جبکہ مہلوکین کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔