ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / برج بھوشن فیصلے پر ونیش پھوگاٹ کا دوٹوک مؤقف، "انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی"

برج بھوشن فیصلے پر ونیش پھوگاٹ کا دوٹوک مؤقف، "انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی"

Mon, 03 Aug 2026 18:54:52    S O News

نئی دہلی  ، 3/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ نے سابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کو جنسی استحصال معاملے میں بری کر دیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد ونیش پھوگاٹ کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہمیں سڑکوں پر اترنے اور حکمراں جماعت کے ایک زورآور لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لیے بہت ہمت جمع کرنی پڑی تھی۔ اقتدار اور اپنے اثر و رسوخ کے دم پر برج بھوشن سنگھ نے کئی لڑکیوں کو ڈرا کر ان کے نام واپس کرائے، لیکن کئی خاتون پہلوان ڈٹی رہیں اور عدالت میں لڑائی لڑتی رہیں۔‘‘

اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں ونیش پھوگاٹ مزید لکھتی ہیں کہ ’’ہمیں اس بات کی بہت تکلیف ہے کہ عدالت نے خاتون پہلوانوں کے ذریعہ لگائے گئے جنسی استحصال کے الزام میں برج بھوشن سنگھ کو قصوروار نہیں مانا۔ شروع سے ہی پورا نظام انہیں بچانے میں لگا ہوا ہے۔‘‘ ان کے مطابق خاتون پہلوانوں نے اپنے وکلاء کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ یہ اپیل جلد دائر کی جائے گی۔ ہم نے امید نہیں چھوڑی ہے اور اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔

ونیش پھوگاٹ کے علاوہ پہلوان بجرنگ پونیا کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے فون پر ’آج تک‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ راؤز ایونیو کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جائیں گے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ ان کے مطابق پہلوان جلد ہی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کریں گے اور اپنی آگے کی قانونی حکمت عملی کو ظاہر کریں گے۔

واضح رہے کہ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے سابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن سنگھ شرن اور شریک ملزم ونود تومر کو جنسی استحصال معاملے میں ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے بری کر دیا ہے۔ 6 خاتون پہلوانوں کی جانب سے درج کرائے گئے معاملات میں حتمی بحث مکمل ہونے کے بعد 2 جولائی کو عدالت نے اپنا فیصلہ 3 اگست کے لیے محفوظ رکھ لیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ 2023 میں خاتون پہلوانوں کے ساتھ جنسی استحصال کا معاملہ ہندوستان کی کھیل صنعت اور سیاست میں سب سے بڑا ایشو بن گیا تھا۔ کئی خاتون پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ پر اپنی مدت کار (ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا چیف) کے دوران جنسی استحصال، ڈرانے و دھمکانے اور پیچھا کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ان الزامات پر ملک کے کئی معروف پہلوانوں نے دہلی کے جنتر منتر پر طویل احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ پولیس نے جون 2023 میں عدالت کے سامنے تقریباً 1500 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس کے بعد 2024 میں برج بھوشن سنگھ کے خلاف کیس کا ٹرائل شروع ہوا تھا۔


Share: