ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل انجمن کالج کے سابق پرنسپال ڈاکٹر باغ سراج انتقال کرگئے

بھٹکل انجمن کالج کے سابق پرنسپال ڈاکٹر باغ سراج انتقال کرگئے

Sat, 10 Oct 2026 20:09:21    S O News

بھٹکل 10 اکتوبر (ایس او نیوز) : انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل کے سابق پرنسپال ڈاکٹر محمد غوث باغ سراج کا 82 سال کی عمر میں ان کے آبائی گاؤں کُڑچی، ضلع بیلگام میں انتقال ہوگیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ bagh-siraj-bhatkal

ڈاکٹر باغ سراج نے 1979 سے 1995 تک انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل میں پرنسپال کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اپنے دورِ کار میں انہوں نے تدریس اور تعلیمی رہنمائی کے ذریعے سینکڑوں طلبہ کی علمی و تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

مرحوم ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، دانشور اور قابلِ احترام شخصیت تھے۔ وہ مخلص، خوش اخلاق، منکسرالمزاج اور فرض شناس انسان ہونے کے ساتھ معاشیات (اکنامکس) کے ایک ماہر استاد بھی تھے۔ ان کی تعلیمی خدمات اور طلبہ کی رہنمائی کے لیے ان کی وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

مرحوم اپنے پیچھے تین بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ کی طبیعت بھی کافی ناساز بتائی جاتی ہے۔ اہلِ خانہ نے ان کی صحت یابی اور درازیِ عمر کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

ڈاکٹر باغ سراج کی نمازِ جنازہ کُڑچی کی مسجد میں بعد نمازِ مغرب ادا کی گئی، جس کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے ذمہ داران، بالخصوص یاسین عسکری اور ایس ایم پرویز، کے علاوہ سلمان جوباپو، عجائب شمس الدین باشہ اور دیگر بھٹکلی احباب موجود تھے۔ اس موقع پر مرحوم کے شاگردوں اور رشتہ داروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر باغ سراج کے انتقال پر انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل، قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم، بھٹکل مسلم خلیج کونسل  اور دیگر اداروں کے ذمہ داران اور اراکین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، بلندیِ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی ہے۔

Click here for report in English


Share: