ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور : اربیل میں جلی ہوئی کار اور لاش کا معاملہ حادثہ نہیں قتل کی واردات ہے - 3 ملزمان گرفتار

یلاپور : اربیل میں جلی ہوئی کار اور لاش کا معاملہ حادثہ نہیں قتل کی واردات ہے - 3 ملزمان گرفتار

Sun, 19 Apr 2026 13:03:41    S O News
یلاپور : اربیل میں جلی ہوئی کار اور لاش کا معاملہ حادثہ نہیں قتل کی واردات ہے - 3 ملزمان گرفتار

یلاپور ، 19 / اپریل (ایس او نیوز) کچھ دن پہلے اربیل گھاٹ پر جلی ہوئی کار اور لاش بازیافت ہونے کے معاملے میں پولیس کی تفتیش سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند قتل کا معاملہ ہے ۔
    
پولیس کے بیان کے مطابق اس واردات میں ملوث پرانی ہبلی کے رہائشی عبدالنعیم بسیر احمد مجاور، مولا صاب بابا جان باڑ اور دادا پیر آفتاب محبوب صاب بالسنگی نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ان تینوں ملزمان نے 8 اپریل کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر بیلگاوی کے رہائشی نتیش داپلے نامی شخص کا قتل کیا اور لاش کو کار میں رکھنے کے بعد اربیل گھاٹی پر اس کار میں  آگ لگا دی ۔ پہلے اس معاملے کو حادثے کے بعد کار میں آگ لگنے کا واقعہ سمجھا گیا تھا، مگر کار میں بازیافت ہوئی لاش کی شناخت نتیش کے طور پر ہونے کے بعد اس کے والد جگن ناتھ نے شک ظاہر کیا تھا کہ یہ معاملہ ایک منصوبہ قتل ہو سکتا ہے اور کچھ لوگوں پر اس قتل میں شامل ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا تھا ۔ 
    
پولیس نے جگن ناتھ کی شکایت پر قتل کا معاملہ درج کرنے کے بعد تفتیش کے لئے دو الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے ساتھ ان کے قبضے سے ایک کار اور دو اسکوٹر بھی ضبط کیے گئے ۔  
    
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے پریس کانفرنس کے ذریعے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مقتول نتیش خود ایک راوڈی شیٹر تھا اور اس کے اوپر بیلگاوی اور دھارواڑ میں 22  فوجداری معاملات درج تھے ۔ یہ اس سے قبل کلیدی ملزم عبدالنعیم کے ساتھ کام کرتا تھا اور اس کی کار بھی چلایا کرتا تھا ۔ شبہ ہے ان کے درمیان پیسوں کے لین دین میں تکرار یا پھر ذاتی اختلافات کی وجہ سے یہ قتل کی واردات انجام دی گئی ہوگی ۔ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں ۔
    
اس معاملے کو تیز رفتاری سے حل کرنے پر ضلع ایس پی دیپن نے ڈی وائی ایس پی گیتا پاٹل، یلاپور سی پی آئی رمیش ہانپور، پی ایس آئی رمیش وندلی، سیدپّا گوڈی اور ان کی تفتیشی ٹیم کی ستائش کی ۔ 
    
پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی بھی موجود تھے ۔ 


Share: