ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : قطر کے راستے واپس لوٹے سعودی عربیہ میں پھنسے ہوئے پانچ سو زائرین

منگلورو : قطر کے راستے واپس لوٹے سعودی عربیہ میں پھنسے ہوئے پانچ سو زائرین

Sun, 25 Oct 2026 19:08:03    S O News

منگلورو، 25 /اکتوبر(ایس او نیوز)  سعودی عرب کے بڑے ہوائی اڈوں پر حوثی باغیوں کے حملوں کی وجہ سے پروازوں کی معطلی زائرین حرمین شریفین کے لئے بڑی مشکلات کا سبب بن گئی ہے ۔ کرناٹکا سمیت ملک کے مختلف حصوں سے عمرہ کے لئے گئے ہوئے زائرین ہزاروں کی تعداد میں پھنسے ہوئے ہیں اور وطن واپسی کے لئے متبادل راستوں کے لئے جد و جہد کر رہے ہیں ۔

ساحلی علاقے کے بھی سیکڑوں زائرین اسی کشمکش اور مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں اور روزانہ ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، حالانکہ سعودی حکام نے  ریاض ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے مگر ایئر انڈیا اور انڈیگو ایئر لائنز ۷ نومبر تک پروازیں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کی وجہ سے زائرین کی واپسی کا مسئلہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے ۔

اسی دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ منگلورو سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 عازمینِ قطر سے ہوتے ہوئے بحفاظت اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں ۔                    
    
'دکشن کنڑا حج اینڈ عمرہ پرائیویٹ ٹور آرگنائزرز ایسوسی ایشن' کے ذاکر نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے ذریعے رجسٹریشن کروانے والے اور منگلورو سے سفر کرنے والے زیادہ تر عازمین بحفاظت واپس آ چکے ہیں ۔ اگرچہ 500 افراد واپس آ گئے ہیں، لیکن اسی گروپ کے تقریباً 100 عازمین ابھی بھی وہاں پھنسے ہوئے ہیں، جن کے لیے سعودی عرب میں رہائش اور دیگر ضروری انتظامات کر دیے گئے ہیں ۔

ایک کشیدہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ منگلورو سے تعلق رکھنے والے تقریباً 40 عازمین 22 اکتوبر کو اپنی واپسی کی پرواز کے لیے دمام ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔ مگر اچانک تمام لوگوں کو ویٹنگ ہال سے نکال کر کسی دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد وہاں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی ۔

واپس آنے والوں میں سے زیادہ تر افراد قطر کے راستے ہندوستان پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے قطر کے ویزے حاصل کیے، سعودی عرب سے بذریعہ سڑک سفر کیا، اور پھر کالیکٹ (کوزیکوڈ) یا بنگلورو کے لیے پروازیں لیں، جہاں سے وہ بالآخر منگلورو پہنچے ۔

قطرکے راستے واپسی کا سفر اختیار کرنے میں وہاں سے  پروازوں کے لئے انتہائی مہنگا ہوائی کرایہ عازمین کے لئے ایک نیا چیلنج بن کر سامنا آیا ہے ،  جس کی وجہ سے وہاں پھنسے ہوئے کچھ عازمین عمان کے راستے متبادل سفر پر غور کر رہے ہیں ۔

معلوم ہوا ہے کہ ریاستی حج محکمہ کی جانب سے قائم کردہ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو صرف ہفتے کے روز ہی 100 سے زائد ہنگامی کالیں موصول ہوئیں ۔ کال کرنے والوں میں سے اکثر نے واپسی کی پروازوں کے انتظام کے لیے مدد کی درخواست کی، جبکہ کئی دیگر نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس موجود رقم ختم ہو چکی ہے اور ایجنٹ مزید پیسوں کے لیے ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ جوعازمین مکہ یا مدینہ میں پھنسے ہوئے ہیں ان کی پریشانیاں بدستور برقرار ہیں جس میں سب سے زیادہ مالی دشواریاں ان کے لئے بڑی اذیت کا سبب بن رہی ہیں ۔


Share: