ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: شدید بارش میں اسپتال کی دیوار منہدم، 8 افراد ہلاک؛ وزیر اعلیٰ سدارامیا کا دورہ

بنگلورو: شدید بارش میں اسپتال کی دیوار منہدم، 8 افراد ہلاک؛ وزیر اعلیٰ سدارامیا کا دورہ

Thu, 30 Apr 2026 10:38:40    S O News
بنگلورو: شدید بارش میں اسپتال کی دیوار منہدم، 8 افراد ہلاک؛ وزیر اعلیٰ سدارامیا کا دورہ

بنگلورو، 30/ اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاستی دارالحکومت بنگلورو کے شیوَاجی نگر علاقے میں موسلا دھار بارش کے دوران بورنگ و لیڈی کرزن اسپتال کی کمپاؤنڈ دیوار اچانک منہدم ہونے سے پیش آئے افسوسناک حادثے میں 8 افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، جاں بحق ہوگئے۔

حادثہ کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا نے فوری طور پر مقامِ حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے تمام ذمہ دار حکام کو موقع پر طلب کر کے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے دیوار گرنے کے واقعہ پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے موقع پر ہی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ اگر بروقت احتیاطی اقدامات کیے جاتے تو اس سانحہ سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے افسران سے سوال کیا کہ پرانی اور خستہ حال دیواروں کی نگرانی کیوں نہیں کی گئی اور محکموں کے درمیان تال میل کی کمی کیوں رہی۔

حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو مفت علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو بہتر علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد سڑک کنارے کاروبار کرنے والے محنت کش تھے، جو بارش سے بچنے کے لیے دیوار کے قریب کھڑے تھے کہ اچانک دیوار ان پر آ گری۔

ادھر شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہوا، کئی سڑکیں زیرِ آب آگئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
 


Share: