ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سدارامیا کا بدعنوانی کے خاتمے پر زور، کے اے ایس افسران کو شفاف اور تیز انتظامیہ کا حکم

سدارامیا کا بدعنوانی کے خاتمے پر زور، کے اے ایس افسران کو شفاف اور تیز انتظامیہ کا حکم

Thu, 30 Apr 2026 12:50:32    S O News

بنگلورو، 30 /اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدا رمیا نے منگل کے روز کرناٹک ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران کو بدعنوانی ختم کرنے اور دلالوں کے کردار کو مٹانے کا سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی تاخیر اور نااہلی ہی بدعنوانی کو فروغ دیتی ہے۔

کرناٹک ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن میں نو تعمیر شدہ سہولیات کے افتتاح کے بعد افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نظامِ حکومت شفاف، تیز رفتار ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’’فائلوں کے نمٹانے میں تاخیر بدعنوانی کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ افسران کو دیانت داری کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کام بلاوجہ کی رکاوٹوں کے بغیر آگے بڑھے۔‘‘

مسٹر سدارمیا نے زور دیا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی فریضہ نہیں بلکہ ایک سماجی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے افسران سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں عدم مساوات کو سمجھیں اور کمزور طبقات کی ضروریات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو صرف دفاتر تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ خاص طور پر دیہی علاقوں میں جا کر لوگوں کے مسائل کو سمجھنا اور ان کا حل نکالنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر افسران گاؤں گاؤں پہنچ کر ہمدردی کے ساتھ مسائل حل کریں گے تو عوام ان کے کام کو طویل عرصے تک یاد رکھے گی۔

انہوں نے انتظامی ڈھانچے سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا ترقیاتی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر محصولات کرشنا بائرے گوڑا اس پر کام کر رہے ہیں اور تقریباً 33 فی صد افسران کو چیف ایگزیکٹو افسر کے عہدے پر ترقی دینے کا عمل جاری ہے۔

اس پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، اعلیٰ حکام اور ایسوسی ایشن کے اراکین بھی موجود تھے۔ ایسوسی ایشن کی تجدید شدہ عمارت میں مختلف اضلاع سے آنے والے افسران کے لیے 11 اضافی کمرے بنائے گئے ہیں، جسے انتظامی تعاون کو مضبوط کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


Share: