ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / حکومت پر اقلیتوں کی نظراندازی کا الزام، کماراسوامی کی حکومت پر تنقید، ضمنی انتخاب میں پالیسیوں پر سوال اٹھائے

حکومت پر اقلیتوں کی نظراندازی کا الزام، کماراسوامی کی حکومت پر تنقید، ضمنی انتخاب میں پالیسیوں پر سوال اٹھائے

Mon, 06 Apr 2026 12:30:41    S O News

داؤنگیرے ، 6 اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) مرکزی وزیر ایچ ڈی کماراسوامی نے وزیر اعلیٰ سدارامیا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی مفادات اور اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے اہندا طبقات کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اتوار کی صبح داؤنگیرے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کماراسوامی نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے دوران وزیر اعلیٰ کی موقع پرستانہ سیاست کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سدارامیا نے ماضی میں مسلم ووٹرس کے سہارے سیاسی طاقت حاصل کی، لیکن اب میدان میں موجود مسلم امیدواروں کی حمایت نہ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، جو سماجی انصاف کے دعوؤں کے خلاف ہے۔

کماراسوامی نے کہا کہ اہندا کے نام پر بدعنوانی ہو رہی ہے۔ انہوں نے والمیکی نگم اور دیوراج ارس اسکیموں کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ غریبوں کے لیے جاری منصوبوں میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور وسائل کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب جیتنے کے لیے پوری ریاستی مشینری داؤنگیرے میں مرکوز کر دی گئی ہے، جس کے باعث انتظامیہ متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر وزراء انتخابی مہم میں مصروف ہیں، جبکہ عوامی مسائل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔

کماراسوامی نے کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس پانچ گارنٹی اسکیمات کے علاوہ کوئی کارکردگی نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گراھ لکشمی جیسی اسکیمات کے تحت ادائیگیاں بھی انتخابات کے موقع پر کی جا رہی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گارنٹی اسکیمات کے ذریعے مستقل طور پر اقتدار میں رہنا ممکن نہیں اور عوام جلد حقیقت کو سمجھ جائیں گے۔

کماراسوامی نے کانتاراجو کمیشن اور جے پرکاش ہیگڑے کی رپورٹوں کو جاری نہ کرنے پر بھی وزیر اعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب یہ رپورٹیں حکومت کے پاس موجود ہیں تو انہیں منظر عام پر کیوں نہیں لایا جا رہا اور پسماندہ طبقات کو اس کا فائدہ کیوں نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریاست معاشی طور پر مضبوط ہے تو پھر مفت اسکیمات دینے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو عوام کو خود کفیل بنانے پر توجہ دینی چاہیے نہ کہ انہیں سرکاری امداد پر منحصر بنانا چاہیے۔

اس موقع پر سابق وزراء رمیش جارکیہولی، مروگیش نرانی، سابق رکن پارلیمنٹ جی ایم سدیشور، رکن اسمبلی بی۔ پی۔ ہریش، ایم ایل سی بوجے گوڑا اور اتحاد کے امیدوار سری نواس داس کریاپا سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔


Share: