ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / لکھیم پور کھیری کیس: گواہوں کی عدم پیشی پر یوگی حکومت کو عدالت کی سرزنش

لکھیم پور کھیری کیس: گواہوں کی عدم پیشی پر یوگی حکومت کو عدالت کی سرزنش

Sat, 09 May 2026 12:16:55    S O News

نئی دہلی، 9/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) سیاہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کے دوران لکھیم پور کھیری میں  تشدد اور کئی کسانوں  کو گاڑی سے کچل کر مار دینے کے کیس میں ایک بھی گواہ کی پیشی نہ ہونے پر جمعہ کو سپریم کورٹ نے سخت حیرت کا اظہار کیا اور یوگی سرکار کی سرزنش کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’آپ لوگ کرکیا رہے ہیں ؟‘‘ یاد رہے کہ ۲۰۲۱ء کے اس کیس میں  سابق مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کا بیٹا آشیش مشرا کلیدی ملزم ہے۔

سپریم کورٹ نے گواہوں کے دھمکائے جانے کی شکایتوں پر بھی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ عدالت نے اتر پردیش حکومت سے اس سلسلے میں جواب طلب کرتے ہوئے ماتحت عدالت کو مقدمے کی سماعت تیز کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کی جانب سے داخل کی گئی اسٹیٹس رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گواہوں کو عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے اس بات پرحیرت ظاہر کی کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کسی گواہ سے جرح نہیں ہوئی۔

بنچ نے کہا کہ ماتحت عدالت کے جج گواہوں کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے قانون کے مطابق سخت اقدامات کریں اور مقدمے کی سماعت کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ آشیش مشرا کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل سدھارتھ دوے نے عدالت کو بتایا کہ مارچ میں داخل کی گئی اسٹیٹس رپورٹ کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور اب تک صرف۴۴؍ گواہوں کی گواہی ریکارڈ کی گئی ہے، یاد رہے کہ مذکورہ کیس میں   ۱۳۱؍ گواہ ہیں۔ مارچ کے بعد سے بقیہ ۷۲؍ گواہوں   میں  سے ایک بھی پیشی نہیں  ہوئی ہے۔ عدالت نے یوپی حکومت سے سوال کیا کہ مارچ سے اب تک کیا کارروائی کی گئی۔ 


Share: