بھٹکل، 9 اپریل (ایس او نیوز): ضلع اُترکنڑا کے ساحلی شہر بھٹکل کے طلبہ نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اداروں اور شہر کا نام روشن کردیا ہے۔ سیکنڈ پی یو سی امتحانات میں بھٹکل کی طالبات نے آرٹس، سائنس اور کامرس تینوں اسٹریمز میں ٹاپ تھری پوزیشن حاصل کی، جبکہ تعلقہ کے دو کالجوں نے سو فیصد نتائج درج کرتے ہوئے بھٹکل کو تعلیمی میدان میں نمایاں مقام دلایا ہے۔
اس کامیابی میں سرفہرست انجمن پی یو کالج فار ویمن کی طالبہ شفا انعم، بنت امیر حمزہ، رہیں، جنہوں نے آرٹس اسٹریم میں 591 نمبرات (98.50 فیصد) کے ساتھ ضلع بھر میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اسی کالج کی ہونہار طالبہ میمونہ عجائب، بنت محمد امین عجائب، نے سائنس اسٹریم میں 594 نمبرات (99.00 فیصد) حاصل کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کی، جبکہ نیو انگلش پی یو کالج، بھٹکل کی طالبہ سنجنا ناگپا نائک نے کامرس اسٹریم میں 593 نمبرات (98.83 فیصد) کے ساتھ ٹاپ تھری میں جگہ بنائی۔ اس طرح بھٹکل کی طالبات نے تینوں اسٹریمز میں اپنی نمایاں برتری ثابت کی۔
بھٹکل کی تعلیمی ساکھ کو مزید مستحکم کرتے ہوئے تعلقہ کے دو اہم تعلیمی اداروں — سدھارتھا کمپوزٹ پی یو کالج، شرالی، اور بینا ویدیا پی یو کالج، مرڈیشور — نے سو فیصد نتائج درج کیے۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ پی یو کالج، اگسور؛ گورنمنٹ پی یو کالج، النّکی؛ پرگتی پی یو کالج، مُرور؛ سَروابھومہ گوروکُل پی یو کالج، گوکرن؛ اور نرملا کمپوزٹ پی یو کالج، کمٹہ نے بھی ضلع اُترکنڑا میں سو فیصد نتائج حاصل کیے، جو مجموعی طور پر ضلع میں مضبوط تعلیمی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔
طلبہ کی ان کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی سطح پر بہترین نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھٹکل مسلسل تعلیمی میدان میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔
آرٹس اسٹریم میں گورنمنٹ پی یو کالج، ہیرے گُتّی (کمٹہ) کی جھانوی ماستی گوڑا نے 587 نمبرات (97.83 فیصد) کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ گورنمنٹ پی یو کالج، کاروار کی ساکشی ونود نائک نے 585 نمبرات (97.50 فیصد) کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔
کامرس اسٹریم میں ایس ڈی ایم پی یو کالج، ہوناور کی چنمیی منجوناتھ شیٹی نے 596 نمبرات (99.33 فیصد) کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ ایم ای ایس پی یو کالج، سرسی کے پرناو این بھٹ نے 594 نمبرات (99 فیصد) کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ اسی طرح نیو انگلش پی یو کالج، بھٹکل کی سنجنا ناگپا نائک نے 593 نمبرات (98.83 فیصد) کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔
سائنس اسٹریم میں ایم ای ایس پی یو کالج، سرسی کے چیتنیا جی ہیگڑے نے 595 نمبرات (99.16 فیصد) کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا۔ انجمن پی یو کالج فار ویمن، بھٹکل کی میمونہ عجائب نے دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ چیتنا پی یو کالج، سدّاپور کے رگھو شراش چندر ہیگڑے نے 593 نمبرات (98.83 فیصد) کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا۔