ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مبینہ اسٹنگ ویڈیو سے نام جوڑنے پر سدارامیا برہم، اشاعت روکنے کے لیے عدالت سے رجوع

مبینہ اسٹنگ ویڈیو سے نام جوڑنے پر سدارامیا برہم، اشاعت روکنے کے لیے عدالت سے رجوع

Wed, 14 Oct 2026 12:08:03    S O News

بنگلورو، 14 /اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر گردش کرنے والی ایک مبینہ اسٹنگ آپریشن ویڈیو سے اپنا نام جوڑ کر پروپیگنڈہ کیے جانے پر اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی بدنیتی کے تحت ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ اس ویڈیو سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

سدارامیا نے اپنے بیان میں بتایا کہ ویڈیو کے ذریعے ان کے خلاف مبینہ طور پر کردار کشی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے بنگلورو کی سول اینڈ سیشنز عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے نام کا حوالہ دینے والی اس ویڈیو کی اشاعت یا نشریات اخبارات، ٹیلی ویژن چینلوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر روکی جائیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں خود کو بے قصور سمجھتے ہیں اور انہیں اپنی پانچ دہائیوں پر مشتمل سیاسی زندگی پر اعتماد ہے۔ ان کے مطابق، جدید ٹیکنالوجی کے دور میں جھوٹ کو سچ بناکر پیش کرنا آسان ہوگیا ہے، اسی لیے انہوں نے احتیاطی اقدام کے طور پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بالآخر سچائی کی جیت ہوگی۔

سدارامیا نے واضح کیا کہ وہ آزادیٔ اظہار کے حامی ہیں اور اپنی سیاسی زندگی میں کبھی ذرائع ابلاغ کی آزادی میں رکاوٹ ڈالنے کے قائل نہیں رہے۔ تاہم، ان کے بقول بعض میڈیا اداروں کی جانب سے آزادیٔ اظہار کے مبینہ غلط استعمال کے باعث انہیں قانونی راستہ اختیار کرنا پڑا، جس پر انہیں افسوس ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹنگ آپریشن ویڈیو کے معاملے میں غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے شہر کے پولیس کمشنر سے بھی شکایت کی جاچکی ہے۔ سدارامیا نے امید ظاہر کی کہ تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے آئیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ نے میڈیا اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس ویڈیو سے متعلق غیر مصدقہ خبروں اور دعوؤں کو پھیلانے سے گریز کریں اور حقائق سامنے آنے کا انتظار کریں۔


Share: