ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے دو مختلف اضلاع میں ہوئے دو حادثات میں چھ لوگوں کی موت

کرناٹک کے دو مختلف اضلاع میں ہوئے دو حادثات میں چھ لوگوں کی موت

Wed, 07 Oct 2026 06:46:49    S O News
کرناٹک کے دو مختلف اضلاع میں ہوئے دو حادثات میں چھ لوگوں کی موت

بینگلور 7/اکتوبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے دو مختلف اضلاع میں ہوئے دو حادثات میں چھ لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ پہلی واردات چکمنگلورو سے سامنے آئی جہاں تین اسکولی بچے تالاب میں غرق ہوکر جاں بحق ہوگئے، جبکہ دوسری واردات چترادرگہ سے سامنے آئی جہاں کار اور ٹرک کی ٹکر میں تین نوجوان ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

چکمنگلورو میں تین اسکولی بچوں کی ڈوبنے سے موت

چکمنگلورو ضلع کے تعلقہ ہیڈکوارٹر سے متصل مرلے گاؤں میں منگل کو ایک افسوسناک حادثے میں تین 12 سالہ اسکولی بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ترون، بھون اور لکھیت کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں چھٹی جماعت میں زیر تعلیم تھے اور اگرچہ ایک ہی گاؤں کے رہنے والے تھے، تاہم الگ الگ اسکولوں میں پڑھتے تھے۔

رپورٹس کے مطابق دسہرہ کی اسکولی تعطیلات کے دوران تینوں دوست مرلے گاؤں کے قریب واقع چھوٹے تالاب میں تیرنے کے لیے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ بچوں کو مناسب طور پر تیرنا نہیں آتا تھا اور وہ تالاب کے ایک گہرے حصے میں چلے گئے۔ شبہ ہے کہ ایک بچے کے ڈوبنے پر دیگر دو اسے بچانے کی کوشش میں پانی میں اترے، جس کے نتیجے میں تینوں گہرے پانی میں پھنس گئے اور ڈوب گئے۔

جب بچے گھر واپس نہیں پہنچے تو مقامی لوگوں نے تلاش شروع کی۔ تالاب کے کنارے بچوں کے کپڑے ملنے کے بعد مقامی افراد نے پانی میں اتر کر تینوں کی لاشیں نکال لیں۔ ذرائع  کے مطابق تالاب سے گزشتہ سال گاد نکالی گئی تھی، جس کے باعث اس کی گہرائی بڑھ گئی تھی اور بچے اس گہرے حصے سے واقف نہیں تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر چکمنگلورو رورل پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں چکمنگلورو رورل پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تین کم عمر بچوں کی ایک ساتھ موت کی خبر پھیلتے ہی مرلے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور اہل خانہ کی حالت انتہائی رقت انگیز ہوگئی۔

چترادرگہ میں کار اور ٹرک کی ٹکر، تین نوجوان ہلاک

chitradurga-hiriyur-kr-halli-gate-car-lorry-accident-three-killed

دوسرا حادثہ چترادرگہ ضلع کے ہریور تعلقہ میں قومی شاہراہ 48 پر کستور رنگاپنہلی کے قریب منگل کی شام پیش آیا، جہاں ایک کار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار ڈرائیور سمیت تین نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ششی دھر (22)، منجوناتھ (22) اور بسوراج (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ ششی دھر کا تعلق کوپل ضلع کے یلبورگا تعلقہ سے، منجوناتھ کا تعلق کشٹگی تعلقہ کے مدکیری گاؤں سے اور بسوراج کا تعلق نڈاسی گاؤں سے بتایا گیا ہے۔ حادثے میں ہنومیش (22) اور پروین سیڈیشی (20) شدید زخمی ہوئے، جنہیں ہریور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق پانچوں دوست کار میں بنگلورو سے کشٹگی کی جانب سفر کر رہے تھے۔ اسی دوران ان کے آگے چل رہے ٹرک کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے بعد ٹرک ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا اور ٹرک بائیں جانب مڑ گیا۔ پیچھے سے آنے والی کار کے ڈرائیور کو گاڑی سنبھالنے کا موقع نہیں ملا اور کار ٹرک سے جا ٹکرائی۔

ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کو شدید نقصان پہنچا۔ ششی دھر اور منجوناتھ کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ شدید زخمی بسوراج نے ہریور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ دونوں زخمیوں کو ہریور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرکے علاج کیا جا رہا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ہریور سب ڈویژن کے ڈی ایس پی گوپال کرشنا اور ہریور رورل پولیس انسپکٹر کے. این. چندرشیکھر سمیت پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور حادثے کا جائزہ لیا۔ پولیس نے گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کیا اور ہریور رورل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔


Share: