بنگلورو، 30/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)بنگلورو کے شیو اجی نگر علاقے میں واقع بورنگ اسپتال کی کمپاؤنڈ دیوار گرنے کے افسوسناک واقعہ کے بعد، جس میں 8 افراد جاں بحق ہوئے، وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ کی صدارت میں آج جی بی اے کے کمشنروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں شہر میں حالیہ شدید بارش سے ہونے والے نقصانات اور اس سانحہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب دیوار کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ پہلے سے موجود تھا تو پھر تعمیراتی کام کے دوران وہاں مٹی کیوں ڈالی گئی؟ انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو فوری طور پر معطل کرنے اور ذمہ دار افسران کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو بھی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت احتیاطی اقدامات کیے جاتے تو اس المناک حادثہ کو روکا جا سکتا تھا۔ بورنگ اسپتال کے سربراہ کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مہلوکین کے اہلِ خانہ کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ زخمیوں کو مفت علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
شہر میں بارش سے ہونے والے دیگر نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 250 سے زائد درخت گر چکے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے فوری طور پر سڑکوں کے گڈھوں کو بھرنے، گرے ہوئے درختوں اور ملبے کو ہٹانے اور شہری سہولیات بحال کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے آئندہ مون سون سے قبل مکمل تیاری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطرناک اور سوکھے درختوں کی شاخوں کو فوری کاٹا جائے، راجکالوے (نالوں) کی صفائی کرکے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کیا جائے، انڈر پاس میں پانی جمع نہ ہونے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر بیریکیڈ لگائے جائیں، شہر کے پانچوں زونز کے کمشنرز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، رکنِ اسمبلی رضوان ارشد، چیف سکریٹری شالنی رجنیش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ انجم پرویز، جی بی اے کمشنر مہیشور راؤ، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ واقعہ شہر میں شہری بنیادی ڈھانچے کی کمزوری اور سرکاری غفلت پر سنگین سوال کھڑا کرتا ہے، جس پر حکومت نے فوری اور سخت اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔