ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: شرالی اسپتال میں نومولود بچی کی موت کے بعد ڈاکٹروں پر حملے کا الزام؛ 24 گھنٹوں میں گرفتاری کا مطالبہ

بھٹکل: شرالی اسپتال میں نومولود بچی کی موت کے بعد ڈاکٹروں پر حملے کا الزام؛ 24 گھنٹوں میں گرفتاری کا مطالبہ

Thu, 29 Oct 2026 21:07:26    S O News
بھٹکل:  شرالی اسپتال میں نومولود بچی کی موت کے بعد ڈاکٹروں پر حملے کا الزام؛ 24 گھنٹوں میں گرفتاری کا مطالبہ

بھٹکل، 29 اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کی اترکنڑا ضلعی شاخ اور انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی بھٹکل شاخ نے شرالی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں نومولود بچی کی موت کے بعد ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے پر مبینہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمین کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دونوں اسوسی ایشنوں نے اس سلسلے میں الگ الگ میمورنڈم پیش کیے ہیں۔

کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کی یادداشت کے مطابق، شیرالی کے سونارکیری کی رہنے والی ہیما ستیش نائک کو 26 اکتوبر کو زچگی کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں اسی دن دوپہر 1.23 بجے نارمل ڈیلیوری کے ذریعے بچی کی پیدائش ہوئی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ پیدائش کے بعد ماں اور بچی دونوں کی حالت صحت مند تھی۔

اسوسی ایشن کے مطابق، یہ خاتون کی دوسری زچگی تھی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ ماں کی جانب سے نومولود کی دیکھ بھال اور اسے دودھ پلانے میں عدم دلچسپی محسوس ہونے پر ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف نے انہیں ضروری رہنمائی فراہم کی۔

bhatkal-protest-2.jpg

28 اکتوبر کو صبح تقریباً 11.28 بجے، جب ماں بچی کو دودھ پلا رہی تھیں، ڈیوٹی پر موجود نرسنگ اسٹاف نے بچی کے جسم کا رنگ نیلا پڑتے ہوئے دیکھا۔ اس کے بعد بچوں کے ماہر ڈاکٹر کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔ ڈاکٹر نے بچی کو لیبر روم منتقل کرکے سی پی آر کے ذریعے اسے بچانے کی کوشش کی، تاہم بچی کی جان نہیں بچائی جاسکی۔

انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی بھٹکل شاخ نے اپنے میمورنڈم میں بچی کی موت پر اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور جذباتی تکلیف ڈاکٹروں یا طبی عملے پر حملے کا جواز نہیں بن سکتی۔ اسوسی ایشن نے واقعے کی منصفانہ اور مقررہ مدت میں تحقیقات، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

کرناٹکا  گورنمیٹ میڈیکل اسوسی ایشن نے مبینہ حملے میں ملوث افراد کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے ضروری قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کی اترکنڑا ضلعی صدر ڈاکٹر سویتا کامتھ، ضلعی سکریٹری اور شیرالی اسپتال کی انتظامی افسر ڈاکٹر شروتی نائک، بھٹکل یونٹ کے سکریٹری جناردھن موگیر سمیت دیگر ڈاکٹرس اور طبی عملہ موجود تھا۔

Click here for report in English


Share: