ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / میسور ودسہرہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح، 2 لاکھ گلاب سے ودھان سودھا کا نمونہ تیار

میسور ودسہرہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح، 2 لاکھ گلاب سے ودھان سودھا کا نمونہ تیار

Mon, 12 Oct 2026 17:47:17    S O News
میسور ودسہرہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح، 2 لاکھ گلاب سے ودھان سودھا کا نمونہ تیار

میسورو، 12/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اتوار کو غبارے فضا میں چھوڑ کر میسور ودسہرہ 2026 کے تحت منعقد ہونے والی پھولوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔ شہر کے کُپّنا پارک میں محکمہ باغبانی اور ضلع پنچایت کے اشتراک سے منعقدہ یہ نمائش 11 سے 21 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

افتتاح کے بعد ڈی کےشیوکمار نے شیش محل میں مختلف اقسام کے پھولوں سے تیار کردہ ودھان سودھا کے نمونے کا مشاہدہ کیا اور اس کی خوب صورتی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پھولوں کی نمائش کو جمہوریت کے موضوع پر ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ہزاروں پھولوں کے ذریعے جمہوری اقدار کی عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی جمہوریت کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے، اس لیے اسی موضوع پر نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔

نمائش کی خاص توجہ شیش محل میں پھولوں سے تیار کردہ ودھان سودھا کا نمونہ ہے، جس کی تیاری میں 2 لاکھ سرخ گلاب، 4 ہزار گلِ داؤدی اور 25 ہزار سبز پتوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شیش محل کے باہر چھوٹی گھڑی کا پھولوں سے تیار کردہ نمونہ، رائے دہی سے متعلق بیداری کے پیغامات اور نلوادی کرشن راج ووڈیار کی پھولوں سے بنائی گئی شبیہ سمیت متعدد دیدہ زیب نمونے بھی رکھے گئے ہیں، جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔

اس موقع پر وزیر برائے شہری ترقی و ضلع انچارج ڈاکٹر یتیندرا سدارامیا، وزیر برائے مویشی پروری و ریشم سی۔ پٹّا رنگا شیٹی، اراکین اسمبلی کےہریش گوڑا، انیل چک مادھو اور درشن دھرو نارائن، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر سی نریندر اور ضلع کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ 


Share: