نئی دہلی ، 16/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی حکومت نے میسجنگ پلیٹ فارم ’ٹیلیگرام‘ پر عارضی پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ’نیٹ 2026‘ کے دوبارہ امتحان کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ سخت قدم اٹھایا ہے۔ قومی ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ (یو جی) 2026 کے دوبارہ امتحان سے قبل مرکزی حکومت کے ذریعہ میسجنگ پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر عارضی پابندی لگانے کے فیصلہ کا استقبال کیا ہے۔ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے ہدایت جاری کر ہندوستان میں ٹیلی گرام خدمات پر 22 جون 2026 تک عارضی روک لگانے کو کہا ہے۔ یہ قدم 21 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ (یو جی) 2026 کے دوبارہ امتحان کو غیر جانبدار اور محفوظ بنانے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔
این ٹی اے کا ماننا ہے کہ امتحان سے جڑے سوالناموں، افواہوں، فرضی جانکاریوں کی تشہیر کو روکنے میں ٹیلیگرام پر عائد پابندی کا فیصلہ مددگار ثابت ہوگا۔ ایجنسی نے کہا کہ امتحان کے عمل کی شفافیت اور اعتماد بنائے رکھنا اس کی اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے۔ حالیہ سالوں میں مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کے دوران سوشل میڈیا اور میسجنگ پلیٹ فارم کے ذریعہ غلط جانکاریوں اور امتحان سے متعلق مواد کی مبینہ تشہیر کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے احتیاطی قدم اٹھایا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹیلیگرام کا استعمال عارضی طور پر روک دیا جائے۔ دوبارہ امتحان میں شامل ہونے والے طلبا سے این ٹی اے نے اپیل کی ہے کہ وہ صرف آفیشیل ویب سائٹ اور مجاز ذرائع پر ہی بھروسہ کریں، کسی بھی غیر مصدقہ جانکاری یا افواہ سے پرہیز کریں۔
این ٹی اے کے ذریعہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 69اے کے تحت ٹیلیگرام پر عارضی طور سے روک لگائی گئی ہے اور یہ روک 22 جون 2026 تک جاری رہے گی۔ ایک دیگر حکم کے تحت ٹیلیگرام کو ہندوستان میں پہلے سے بھیجے گئے پیغامات کو ایڈٹ کرنے کی سہولت 30 جون 2026 تک بند کرنی ہوگی۔ اس کا مقصد اس سہولت کا غلط استعمال روکنا ہے جس کے ذریعہ قومی امتحانات کے بعد نقلی پیپر لیک کے ثبوت تیار کیے جاتے تھے۔ ان دونوں اقدام کا مقصد عوامی نظام بنائے رکھنا اور ان منظم گروپوں پر روک لگانا ہے جو نیٹ (یو جی) 2026 کے دوبارہ امتحان دینے والے طلبا کو دھوکہ دینے کے لیے ٹیلیگرام کا غلط استعمال کر رہے تھے۔