ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر تریپورہ میں یوتھ کانگریس کا احتجاج؛ واٹر کینن، لاٹھی چارج اور درجنوں کارکن گرفتار

دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر تریپورہ میں یوتھ کانگریس کا احتجاج؛ واٹر کینن، لاٹھی چارج اور درجنوں کارکن گرفتار

Tue, 16 Jun 2026 20:30:42    S O News

اگرتلہ (تریپورہ) 16/جون (ایس او نیوز): تریپورہ کی راجدھانی اگرتلہ میں انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے مرکزی وزیرِ تعلیم  دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کو لے کر ایک بڑے احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا گیا، جو بعد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا، لاٹھی چارج کیا اور درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

رپورٹوں کے مطابق یوتھ کانگریس کے کارکنان کانگریس بھون سے مارچ کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ مانک ساہا کی سرکاری رہائش گاہ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ مظاہرین مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور الزام عائد کر رہے تھے کہ ملک میں امتحانی نظام، خاص طور پر نیٹ (NEET) اور دیگر قومی سطح کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور سوالیہ پرچوں کے لیک ہونے کے واقعات نے طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان فوری طور پر استعفیٰ دیں۔

پولیس نے مارچ کو آئی جی ایم چوک کے قریب روکنے کے لیے بیریکیڈس لگائے تھے۔ جب بعض مظاہرین نے آگے بڑھنے اور رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی تو سیکورٹی فورسز نے پہلے واٹر کینن کا استعمال کیا اور بعد میں لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر نِیل کمل ساہا   نے الزام لگایا کہ امتحانی پرچوں کے مسلسل لیک ہونے سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہوا ہے، جبکہ حکومت اس مسئلے پر سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔ انہوں نے کہا کہ کئی طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے اور بعض نے خودکشی تک کی، لیکن وزیر تعلیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

کانگریس رہنما برجیت سنہا نے دعویٰ کیا کہ پولیس کارروائی میں کم از کم 12 مظاہرین زخمی ہوئے، جن میں بعض کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کی سیکورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائی ضروری تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے 70 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا ہے اور انہیں عارضی طور پر مختلف پولیس مراکز منتقل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں کانگریس نے پولیس پر "پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعے کچلنے" کا الزام عائد کیا اور کہا کہ احتجاج آئینی اور جمہوری حق کے تحت کیا جا رہا تھا۔

تریپورہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشیش  کمار  ساہا   نے بھی پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنان پر بلااشتعال لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، جس میں متعدد کارکن زخمی ہوئے۔


Share: