ٹمکورو، 3 مئی (ایس او نیوز / ایجنسی)ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے پر کمیونسٹ پارٹی (مارکس وادی) ٹمکورو ضلع کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے اس فیصلے کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج کی اپیل بھی کی ہے۔
پارٹی کے بیان کے مطابق کمرشیل ایل پی جی سلنڈروں اور 5 کلو والے سلنڈروں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے، جس سے عام صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں تقریباً ایک ہزار روپے تک اضافہ قابلِ مذمت قرار دیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ اس اضافے کے نتیجے میں ہوٹلوں اور دیگر تجارتی اداروں کے اخراجات بڑھیں گے، جس کا براہِ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ چھوٹے کاروبار متاثر ہو کر بند ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اگرچہ 14 کلو گھریلو سلنڈروں کی قیمت میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، لیکن 5 کلو سبسڈی سے محروم سلنڈروں کی قیمت میں 261 روپے کا اضافہ غریب اور مزدور طبقے کے لیے شدید نقصان دہ قرار دیا گیا ہے، کیونکہ یہ طبقہ زیادہ تر انہی سلنڈروں پر انحصار کرتا ہے۔
پارٹی نے الزام لگایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو راحت دینے کے بجائے ٹیکس کی آمدنی کو ترجیح دے رہی ہے۔ اگر حکومت چاہے تو ٹیکس میں کمی کر کے عوام کو سہولت فراہم کر سکتی ہے، لیکن ایسا نہ کر کے اس نے اپنی عوام مخالف پالیسی کو واضح کر دیا ہے۔
پارٹی کے ضلع ذمہ داران نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس قیمت میں اضافے کو واپس لیا جائے، بصورت دیگر عوامی احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔